آٹے کا 20 کلو تھیلا 808 ‘ چینی کے نرخ 70 روپے کلو مقرر کرنے کا فیصلہ
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کے اجلاس میں20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 808روپے اور چینی کی قیمت 70روپے فی کلو گرام مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے کہا کہ گھی اور آئل کی قیمتوں میں کمی کیلئے گھی مینو فیکچررز سے بات کی جائے۔ صوبائی وزیر نے مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت نہ ہونے پر سخت اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہمقرر ہ نرخوں سے زائد پر اشیائے ضروریہ کی فروخت متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹاسک فور س کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ کرنے والے کہیں اور چلے جائیںپنجاب میں وہی افسر رہے گاجو عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اپنے ضلع میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی نہ بنانے والا ڈپٹی کمشنر خود ذمہ دار ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں فرائض سے غفلت برتنے پر سخت ایکشن ہو گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آٹے کے تھیلے اور گھی کے پیکٹ پر مقررہ قیمت کا انداج یقینی بنایا جائے۔ عوام کا استحصال کرنے والے مافیاز کا ناپاک گٹھ جوڑ توڑیں گے۔