عید میلاد النبیؐ پر جلوسوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں:آئی جی
لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹرجنرل پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہاہے کہ جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر صوبے کے تمام اضلاع میں حساس جلوسوں اور محافل میلاد النبیؐ کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں جبکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز خود فیلڈ میں رہ کر سیکیورٹی انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ کی نگرانی کریں تاکہ رحمت العالمین ؐ کے جشن ولادت کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات میںعوام بلا خوف و خطر شرکت کرسکیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عید میلاد النبی کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں آنے والی اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کا خاص خیال رکھا جائے اورحساس اضلاع میں جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس لازمی استعمال کئے جائیں جبکہ اہم مساجد ، درباروں ، بازاروںاور مذہبی مقامات کے گردو نواح میں سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عید میلاد النبی ؐ کے سیکیورٹی انتظامات کرتے وقت جلوسوں کے منتظمین، مقامی علماء ، عمائدین شہر اور سول سوسائٹی کی موثر تجاویز کو بھی مد نظر رکھا جائے اور آتشبازی و ہوائی فائرنگ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیرنہ کی جائے ۔