اسلام آباد یونائیٹڈسے ڈین جونز کی چھٹی ‘مصباح الحق کی تعیناتی کا امکان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی ایس ایل کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ اور ڈین جونز نے راہیں جدا کرلیں اور اب پانچویں ایڈیشن کیلئے کسی نئے ہیڈ کوچ کا انتخاب کیا جائیگا۔ ویڈیو پیغام میں ڈین جونز کا کہنا ہے کہ فرنچائز مالکان سے بات چیت ہوئی، انہیں نئے ہیڈ کوچ کی تلاش ہے، میری کوچنگ میں ٹیم نے 2 ٹائٹلز اور 8 پلے آف میچز میں سے 6جیتے،اسلام آباد یونائیٹڈ کیساتھ شاندار سفر میں کئی نوجوان کرکٹرز سامنے آئے جن کو بعد ازاں پاکستان کی نمائندگی کا بھی موقع ملا، فرنچائز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، میرے مستقبل کے حوالے سے اچھی خبر جلد سامنے آئیگی۔ یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کیلئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و سلیکٹر مصباح الحق کا نام گردش میں ہے، قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جگہ کراچی کنگز کی کوچنگ ڈین جونز کے سپرد کئے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔ معین خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، عاقب جاوید لاہور قلندرز اور محمد اکرم پشاور زلمی کے کوچ برقرار رہیں گے، ملتان سلطانز کی مینجمنٹ بھی جوہان بوتھا کی جگہ کسی اور کو ذمہ داریاں سونپنے پر غور کرسکتی ہے۔