چین تیرا شکریہ
چین پاکستان کے مخلص دوستوں میں نمایاں اور نمبر ون کی فہرست میں شامل ہے۔ چین کی دوستی پاکستان کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ چینی قوم کا اپنا ایک مزاج اور روایات ہیں جس کی لمبی تاریخ ہے۔ دوستی نبھانا بھی چین کی قومی روایات کا ایک روشن پہلو ہے۔ چینی جب کوئی بات کسی سے طے کر لیتے ہیں تو پھر اس پر ڈٹ جاتے ہیں اور طے شدہ بات یا معاہدے کا دفاع بھی کرتے ہیں اور اُسے نبھاتے بھی ہیں۔
اس کی تازہ مثال چینی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائیق پالیسی اینڈ پلاننگ یائو وین کا بیجنگ میں چند روز قبل اخبار نویسوں کے ساتھ گفتگو میں یہ کُھلا اور دوٹوک اعلان ہے کہ پاکستان کے خلاف ایف اے، ٹی ۔ ایف کا سیاسی استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض ممالک ایف ۔ اے ٹی ایف کا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو ’’بلیک لِسٹ‘‘ کرانا چاہتے ہیں۔ انٹرنیشنل میڈیا اور ہمارے قومی پرنٹ میڈیا نے چینی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائے پالیسی اینڈ پلاننگ مِسٹر یائو وین کے جو الفاظ رپورٹ کئے ہیں وہ نہایت قابل داد اور چین کی پاکستان کے ساتھ بے مثال دوستی کے مظہر ہیں۔
مسٹر یائو وین نے کہا کہ ہم نے امریکہ اور انڈیا پر واضح کر دیا ہے ایسا نہیں ہونا چاہئے کیونکہ یہ ایف ۔ اے ۔ ٹی ۔ ایف کے قیام کے مقاصد کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا ایف ۔ اے ٹی ۔ ایف کسی ملک کو ’’بلیک لسٹ‘‘ میں ڈالنے کے لیے نہیں بلکہ ٹیرر فنانسنگ کیخلاف ایکشن کرنے میں اس کی مدد کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مُستعدی سے نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر طور پر عمل کر رہا ہے اور چین نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے پاکستان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا چین نے پہلے بھی پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی کوشش کو روکا۔
مسٹر یائو وین نے مزید کہا کہ چین انصاف پر یقین رکھتا ہے۔ چین آپ کا شکریہ!
یقیناً پاکستان اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔ انڈیا پاکستان کے خلاف جس تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور یکطرفہ طور پر جو کارروائیاں کر رہا ہے اس کا آخری نتیجہ اور انجام انڈیا کے لیے بہت خطرناک اور تباہ کن ہو گا۔
چین نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی انڈین کوششوں کو پہلے بھی ناکام بنایا اور آئندہ بھی ناکام بناتا رہے گا۔ چین کی پاکستان سے دوستی نے ہر موقع پر انڈیا اور مودی کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ حالیہ دنوں انڈیا کی طرف سے پاکستان کے خلاف اقدامات میں بہت تیزی آئی ہے۔ انڈیا پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر جعلی اور جھوٹی کہانیاں پیش کر کے ایف ۔ اے ۔ ٹی ایف کے ذریعے پاکستان کو بلیک لسٹ کروا کر معاشی طور پر شدید نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ چین انڈیا کی اس سازش کے خلاف ڈٹ کر اور کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر یائو وین کے مطابق چین نے انڈیا اور امریکہ دونوں پر واضح کر دیا ہے کہ ایف ۔ اے ۔ ٹی ایف کا سیاسی استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ یہ چین کی پاکستان کے ساتھ کھلی محبت اور زبردست سیاسی حمایت اور تعاون ہے۔ چین اپنی روایات اور کمٹمنٹ پر ڈٹ جانے والا ملک ہے۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ فراخدلی سے کھلا تعاون کیا ہے۔ موجودہ چینی قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کا ہمیشہ تحفظ کیا ہے۔ پاکستان میں متعین عزت مآب چینی سفیر نے سی پیک کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی چینی قیادت کے ساتھ مسلسل ملاقاتیں اور چین کے یکے بعد دیگر دورے، پاکستانی تاجروں کے کامیاب تجارتی دورے، مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کے لیے چین کے سفر کو آسان بنانا اور سہولتیں مہیا کرنا عزت مآب چینی سفیر کی پاکستان کے ساتھ محبت اور پاک چائنہ دوستی کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی دلیل ہے۔ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کو انڈیا میں شامل کرنے کے لیے جو ظالمانہ اور وحشیانہ اقدامات کئے ہیں چین نے ان تمام اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کو بھرپور سیاسی اور سفارتی سپورٹ مہیا کی ہے اور ہر فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان کو معاشی و اقتصادی بحران سے نکالنے کے لیے چینی قیادت نے فراخدلی کے سا تھ ایک بھاری رقم پاکستان کو بطور قرض دی ہے۔ دفاعی شعبہ جات میں بھی چین پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔ سی پیک کی کامیابی کے لیے پاکستان کی بہترین کوششوں کو چینی قیادت نے فراخدلی کے ساتھ خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سی پیک کے خلاف مودی اور انڈیا کی سازشوں کو ناکام بنانے میں چین پاکستان کے قدم بقدم چل رہا ہے۔ مزید برآں چین نے عالمی سطح پر نریندر مودی اور انڈیا کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور سی پیک کے خلاف اقوام عالم کو انڈیا جس طرح اُبھار رہا تھا اور عالمی سطح پر سی پیک کے خلاف اور پاکستان کے خلاف جو جعلی اور من گھڑت پروپیگنڈہ کر رہا تھا وہ دَم توڑ چکا ہے۔ متعدد ممالک نے انڈین پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے سی پیک (وَن بیلسٹ وَن روڈ) منصوبے کو سراہتے ہوئے اس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایک بڑی کامیابی ہے کہ عالمی سطح پر سی پیک منصوبے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے میں انڈیا بُری طرح ناکام ہو چکا ہے۔
ہر آنے والا دن پاک چین دوستی کو مضبوط بنا رہا ہے۔ ہر آنے والا دن مودی کو رسوائی اور مزید ناکامی کا پیغام سنا رہا ہے۔ پاکستان کو ایف ۔ اے ۔ ٹی ایف کے ذریعے بلیک لسٹ میں ڈلوانے کی مودی کی ناکامی اور نامرادی کا پیغام پوری دنیا کو چین پوری مضبوطی اور دلیری سے سُنا رہا ہے۔ ’’چین تیرا شکریہ‘‘
پاکستان زِندہ باد‘ پاک چین دوستی زندہ باد
٭…٭…٭