خادم رضوی کا ٹوئیٹر اکائونٹ بلاک کرنا خوش آئند، یوٹیوب، وٹس ایپ بھی پالیسی پر نظر ثانی کریں: فواد چوہدری
لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار+ آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم رضوی کا آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ بلاک کیے جانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے یوٹیوب اور واٹس ایپ سے بھی درخواست کی ہے وہ اپنی پالیسی پر نظرثانی کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا یہ بہت خوش آئند ہے ٹوئٹر اور فیس بک جیسے بڑے ادارے جعلی خبروں اور نفرت انگیز پیغامات کے خلاف اپنے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کے حوالے سے پوری طرح پرعزم ہیں۔ فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے یوٹیوب اور واٹس ایپ کو بھی اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق آسیہ کیس کے فیصلے پر احتجاج کے دوران جلائو گھیرائو سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی گئی، رپورٹ میں ملزموں کے خلاف کارروائی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا شناخت کئے گئے افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے، ملزموں کی گرفتاری کے لئے تمام اداروں سے مدد لی جا رہی ہے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابژق پولیس کا شہر میں احتنجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان، گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور اہلکاروں کو تشدد کا نشانے بنانے والے کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 62 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس سوشل میڈیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تصاویر حاصل کرکے ایسے افراد کو گرفتار کر رہی ہے جو احتجاج کے نام پر جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کرنے میں مصروف تھے۔ لاہور پولیس نے 5 سو زائد افراد کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر رکھے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے ملزموں کی شناخت اور گرفتاری کے لئے نادرا سمیت دیگر اداروں کی مدد کی ضرورت پڑی تو ان سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔