موجودہ حالات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، عدالتوں کا پہلے بھی سامنا کیا اور اب بھی کریں گے: نوازشریف

07 نومبر 2017 (22:42)

سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کہا ہے کہ عدالتوں سے بھاگنے والے اور لوگ ہیں جنہوں نے بھاگناتھا وہ بھاگ گئے ۔ انہوں نے عدالتوں کا پہلے بھی سامنا کیا اور اب بھی کریں گے ۔موجودہ حالات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے.میڈیا رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبادسے مری روانگی سے قبل پنجاب ہاؤس میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ نوازشریف نے عدالتوں کا سامنا کرنے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کیا کہ پہلے بھی عدالتوں کا سامنا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ہم عدالتوں سے بھاگنے والے نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سات سال کی جلاوطنی بھی عوام سے رشتہ نہ توڑ سکی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف انصاف کی امید رکھتے ہیں بلکہ ان کا رشتہ عوام کے ساتھ ہے ۔ انہیں پورا یقین ہے کہ جس طرح عوام نے ان پر پہلے اعتماد کیا اور آئندہ بھی کریں گے اور اس مشکل صورتحال سے بھی سرخرو ہوکر نکلیں گے ۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیشہ حق کا ساتھ دیا سمجھ سے باہر ہے کہ کس چیز کی سزا دی گئی، ترقی کرتے ملک کو غیر مستحکم کردیا گیا، عوام کے پاس جارہا ہوں، جگہ جگہ لوگوں کو بتاوں گا کہ کیسے ترقی کرتے پاکستان کو پٹری سے اتارا گیا، توقع ہے کہ عدالتوں سے انصاف ملے۔پنجاب ہاؤس میں مشاورت کے بعد میاں محمدنوازشریف اپنی صاحبزادی مریم نوازکے ساتھ مری روانہ ہوگئے اور کل بدھ کو احتساب عدالت میں ان کے پیش ہونے کا امکان ہے ۔