نجی تعلیمی اداروں میں نیم خواندہ اساتذہ، والدین کی تشویش

07 نومبر 2017

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) ملتان کے مختلف نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کی مبینہ غفلت کی وجہ سے میٹرک تعلیمی قابلیت والے اساتذہ نے معصوم طلباء کا مستقبل تباہ کرنا شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے والدین ہزاروں روپے فیسیں بھرنے کے باوجود شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ملتان کے مختلف علاقوں چوک کمہارانوالہ، حسن آباد، رنگیل پور، سورج کنڈ روڈ، چاہ جموں والا، چاہ گنجے والا میں نجی تعلیمی اداروں نے میٹرک تعلیمی قابلیت کے حامل مرد و خواتین اساتذہ کو بھرتی کر رکھا ہے جو ہر دوسرے ماہ تبدیل ہو جاتے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پڑھانے کے لئے ہزاروں روپے کی فیسیں بھرتے ہیں لیکن صورتحال یہ ہے کہ مستقبل تباہ ہو رہا ہے اور والدین ان کو الگ ٹیوشن پڑھانے پر مجبور ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان، ای ڈی او، ڈی ای او مردانہ و زنانہ ایجوکیشن افسران نوٹس لیں بصورت دیگر وہ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔