پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب میں اربوں کے منصوبے مکمل کئے: عبدالقادر گیلانی

07 نومبر 2017

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پیپلزپارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جس نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے میگاپراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا لیکن موجودہ دور حکومت میں عوام دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں پارٹی میں شامل کرنے کے لئے تبدیلی کے نام پر 24یونین کونسلوں کے ہر شخص کو ایم پی اے کے ٹکٹ کا لالچ دے کر تبدیلی کیسے لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل88 پکے والہ میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کے اعلان پر منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں میزبان ملک فیاض احمد بھٹی نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور حکومت میں جس طرح سے ترقیاتی کام ہوئے اور بے روزگار افراد کو روزگار ملا اس کی تاریخ میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ اس موقع پر علاقہ کی متحرک شخصیات نے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور پارٹی قائدین یوسف رضا گیلانی‘ عبدالقادر گیلانی‘ علی حیدر گیلانی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔