سموگ میں شہریوں کو ایمرجنسی میں طبی سہولیات دینے کیلئے پلان مرتب

07 نومبر 2017

راولپنڈی (عزیز علوی) محکمہ ہیلتھ نے راولپنڈی میں سموگ کی صورتحال میں شہریوں کو کسی بھی ایمرجنسی میں طبی سہولیات دینے کیلئے پلان مرتب کرکے تاحکم ثانی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اس ضمن میںفوری طور پر شہریوں میں مفت ماسک تقسیم کئے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو سانس کی تکلیف ہونے سے بچایا جا سکے جبکہ ہسپتالوں میں سانس کی تکلیف ، آنکھوں میں جلن یا چبھن سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے ادویات سپلائی کر دی گئی ہیں ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹوہیلتھ ڈاکٹر سہیل نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آج راولپنڈی میں ضلع راولپنڈی کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے سربراہوں سمیت ڈی ایچ اوز کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا تھا جس میں طے کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں سموگ سے متاثرہ افراد کو وہ تمام سہولتیں بہم پہنچائی جائیں گی جن سے سموگ کے منفی اثرات کا فوری تدارک ہوسکے اس سلسلے میں جو ہدایات حکومت کی جانب سے اشتہارات میں آرہی ہیں ان پر بھی من و عن عمل ہوگا ڈاکٹر اور عملہ ہمہ وقت الرٹ رہے گا ہم پینا فلیکس بھی جگہ جگہ آویزاں کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو ہنگامی طبی امداد کے حوالے سے آگاہی مل سکے ۔