پاکستان ٹورازم طلباء و طالبات کیلئے خصوصی ٹور پیکجز کا اہتمام کرے گاچوہدری عبدالغفور

07 نومبر 2017

راولپنڈی ( نوائے وقت نیوز)منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور خان نے پنجاب ہائیر ایجوکیشن کے وزیر رضا علی گیلانی سے ملاقات کی اور کہا کہ طلبا و طالبات ملک کے رو شن مستقبل کے امین ہیں اور آنے والے وقت میں ملک کی باگ دوڑ انہیں نے سنبھالنی ہے اس لئے انہیں اپنے ملک کے متعلق تمام معلومات ہونی چاہئیںکہ قدرتی وسائل سے مالامال پاکستان دنیا کا خوبصورت ترین ملک ہے جہاں قدرت کے عطا کردہ قدرتی مناظر، پہاڑ، وادیاں، جھیلیں ، سمندر، صحرا سبھی موجود ہیں۔ طلبا کو اپنی ثقافت و سیاحت سے روشناس کروانے کیلئے پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن طلبا و طالبات کیلئے خصوصی ٹور پیکجز کا اہتمام کرے گا تاکہ ملکی تاریخ و ثقافت سے نہ صرف لطف اندوز ہو سکیں بلکہ تمام تر معلومات بھی حاصل کر سکیں۔ تفریحی و معلوماتی دوروں سے نہ صرف طلبا کی صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے بلکہ قوت فیصلہ اور مہم جوئی کے شوق میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ایم ڈی کا کہنا تھا کہ ٹور پیکجز ملک بھر کے تمام شہروں میں دستیابہوں گے ۔ ڈے ٹرپس، تین دن، اور ہفتہ بھر کیلئے پیکجز تیار کیے جا رہے ہیں جن میں قیام و طعام اور ٹرانسپورٹ کی ذمہ داری پی ٹی ڈی سی کی ہو گی جبکہ طلبا ان پیکجز سے نہایت ارزاں ریٹس پر استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ چوہدری غفور نے بتایا کہ سیاحت کئی ملکوں کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان میں اس کے فروغ سے کثیر زرِ مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ اس شعبے میں پروفیشنل ازم کو فروغ دینے کیلئے ہم ہائیر ایجوکیشن کی مدد سے ڈگری، ڈپلومہ اور سرٹیفیکیٹ کورسز متعارف کروا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کی مدد سے بھی پی ٹی ڈی سی سٹاف کو ٹریننگ دی جائے گی۔ رضا علی گیلانی نے کہا کہ جیسے پی ٹی ڈی سی ملکی سطح پرسیاحت کے فروغ و ترویج کیلئے کوشاں ہے اسی طرح صوبہ پنجاب میں بھی سیاحت کی ترویج پر زور و شور سے کا جاری ہے۔ ضرورت ہے کہ قومی سطح پر اس شعبے میں کام کیا جا ئے۔