پٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کرنے سے قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا ،ندیم شیخ

07 نومبر 2017

راولپنڈی ( نیوزرپورٹر) راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرزاینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر ندیم شیخ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کرنے سے قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا ،نجی کمپنیوں کی من مانیوں سے صارفین پر اضافی بوجھ پڑے گا ۔نئی پٹرولیم پالیسی پر نظر ثانی کی جائے اور عوام پر اضافی قیمتوں کے بوجھ کو ختم کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر دفتر میں تاجر وں کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوںنے کہا اس پالیسی کے تحت نجی کمپنیاں اپنے اپنے طریقہ کار کے مطابق منافع کی شرح کا تعین کریں گی جس سے پٹرولیم کی پوری مارکیٹ چند کمپنیوں کے مالکان کے ہاتھوں میں چلی جائے گی اور صارفین انکے رحم و کرم پر ہونگے ۔ ندیم شیخ نے کہا کہ حکومت عوام دشمن پالیسیوں سے اجتناب کرے کیونکہ مہنگائی کی لہر سے غریب عوام کی زندگیاں مزید دشوار ہو جائیں گی ۔آئے روز نئے تجربات کرنے کے بجائے تمام معاشی پالیسیاں عوامی مفاد میں بنائی جائیں تاکہ ان کی زندگیوں میں کچھ آسانی آسکے ۔