پانی اور صفائی کے مسائل حل کرکے سٹریٹ کرائمز پر قابو پایا جائے

07 نومبر 2017

راولپنڈی (نیوزڈیسک) تنظیم احباب فکر و عمل امین ٹاؤن خیابان سرسید راولپنڈی کا ماہانہ اجلاس زیر صدارت راجہ ظفر کیانی منعقد ہوا جس میں تمام عہدیداران و ممبران اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں تمام علاقائی مسائل زیر بحث لائے گئے اور ان کے حل کیلئے اپنی تجاویز اور رائے دی گئی۔ اجلاس میں پانی، صفائی ستھرائی، سٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کیلئے ذمہ دار اداروں اور اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ تنظیم احباب و فکر و عمل کے عہدیداران و ممبران نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی گلی کی سیکورٹی اور تحفظ کیلئے ایک بہت بڑا گیٹ تیار کروایا ہے تاکہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کو روکا جاسکے آخر میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کیوارداتوں کو روکنے کیلئے متعلقہ تھانہ مکمل طور پر تحفظ اور سیکورٹی مہیا کرے تاکہ ان جرائم کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جاسکے اور اہل علاقہ سکون سے اپنی زندگیاں بسر کرسکیں۔