کوڑا کرکٹ جلانا ماحولیاتی آلودگی اور تباہی کا باعث بن سکتاہے، ارشادرامے

07 نومبر 2017

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) نیشنل کلیئنرپروڈکیشن سنٹر مورگاہ راولپنڈی کے زیر اہتمام ایوب نیشنل پارک راولپنڈی میں کوڑا کرکٹ کے عدم پھیلائو کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں فاطمہ جناح و ویمن یونیورسٹی ،انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی،خصوصی تعلیم اور حسن اکیڈمی کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب کے انعقاد کا مقصد لوگوں میں کوڑاکرکٹ کے پھیلائو سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی نقصانا ت سے شعوری بیداری عام کرنا تھا۔ تقریب کے شرکاء نے ایوب نیشنل پارک میں صفائی مہم میں عملی طور پر حصہ لیا۔انہوں نے پارک میں موجود فیملیز کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کیا نیشنل کلیئنر پروڈکیشن سنٹرکے کوآرڈینیٹر ارشادرامے نے کہا کہ معمولی نظر آنے والا کوڑا کرکٹ بڑے پیمانے پر ماحولیاتی آلودگی اور تباہی کا باعث بن سکتاہے جس سے مہلک امراض پھیل سکتے ہیں اور ماحول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتاہے۔اس موقع پر آرمی ہیریٹج کے کرنل عمران،ڈاکٹر احمد حسن اور میجر سلیم نے بھی گفتگو کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کی اہمیت بیان کی ماحولیاتی ماہرین ثناء طاہر،صدف یاسین،بلال مزمل ،لاریب سجاد اورنسیم خان نے باہمی رابطے سے تقریب کا انعقاد ممکن بنایا اور شرکاء میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق پمفلٹس تقسیم کیئے۔