امن و امان کیلئے تمام مذاہب کے پیروکار آپس میں قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھیں
راولپنڈی (نیوز رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) راولپنڈی میاں بہزاد عاد ل نے بین المذاہب آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس امر پر زوردیا ہے کہ قومی استحکام ، ترقی اور امن و امان کے لئے تمام مذاہب کے پیروکار آپس میں قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھیں تاکہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ انہوں نے راولپنڈی میں محرم الحرم کے چہلم کے دوران مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے محرم الحرام کے چہلم کے موقع پر امن و امان قائم رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں تاہم کمیٹی کے اراکین بھی اپنے طور پر تعاون کریں تاکہ بدامنی پھیلانے والوں کو کوئی موقع حاصل نہ ہوسکے او ر ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو جو فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ راولپنڈی میں تمام مکاتب فکر کے علماء کی بھرپور شرکت سے قیام امن میں مدد ملی ہے اور آئندہ بھی باہمی مشاورت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اجلاس میں مولاناسید اظہار بخاری، ڈویژنل خطیب حافظ محمد اقبال رضوی، اوقاف کے ڈویژنل خطیب ، چنا لعل ، ناصر زیدی، پاسٹر پرویز سہیل کے علاوہ بین المذاہمت ہم آہنگی کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ کمیٹی کے ممبران نے اجلاس کے دوران یقین دلایا کہ امن و امان اور سلامتی کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اوراور اس بات کا خیال رکھا جائے گاکہ کسی بھی فرقے یا ادارے کی طرف سے کوئی ایسا عمل نہ کیا جائے جس سے مذہبی اشتعال انگیزی پیدا ہو اور پرامن فضاء خراب ہو۔