حضرت داتا گنج بخش کی روحانی تعلیمات سے استفادہ ضروری ہے:رفیق رجوانہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)حضرت داتا گنج بخش کی انقلاب آفریں تعلیمات کو عام کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل اور پُرامن سوسائٹی کے قیام کے لیے داتا صاحب کے افکار سے استفادہ کیاجانا ضروری ہے۔ آپ کی تعلیمات زندگی کو عمل، حرکت اور جُہدِ مسلسل سے مزین کرنے اور ایک روشن وبلند نصب العین سے منور کرنے کا پیغام دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیر اوقاف زعیم قادری، سیکرٹری اوقاف عبدالجبار شاہین اور ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے داتا دربار میں دو روزہ عالمی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میںڈاکٹرسلیم مظہر، الشیخ فضل بن محمد القیروانی التونسی، نور دُغان نورسی ، ڈاکٹر سادات کیای، پیر آغا وحیداﷲ شاہ، صاحبزادہ پیر بلال شاہ، پیر انتصار الحسن شاہ اور سجاد میر تجزیہ کارنے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کی زندگی اسلامی سیرت کا ایسا عمدہ نمونہ تھی۔ کانفرنس کے دوسرے سیشن میں پروفیسر احمد رفیق اختر نے ’’شیخ علی ہجویری اور برصغیر میں روحانی انقلاب‘‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی۔