سستی بجلی کی فراہمی کیلئے خورشید احمد کی قیادت میں ہزاروں کارکنوں کا مظاہرہ
لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ بجلی کے ہزاروں کارکنوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیر اہتمام لیسکو ہیڈ کوارٹر کوئین روڈ لاہور کے باہر ملک میں عوام کو سستی بجلی مہیا اور پانی کی بنیاد ضروریات پوری کرانے اور اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا ۔ انہوں نے احتجاجی مظاہرہ میں وفاقی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ عوام کی یہ بنیادی ضروریات مہیا کرانے کیلئے واپڈا کو وافر ضروری مالی وسائل مہیا کرائے۔ پاکستان میں ایک لاکھ میگا واٹ ہائیڈل بجلی پیدا کرنے اور پانی کو جمع کرنے کے واضح قدرتی وسائل ہیں۔ بجلی کے لائن سٹاف کے آئے دن المناک حادثات رکوانے کے لئے محکمہ بجلی کے کام کو محفوظ بنائیں۔ اس مظاہرہ میں بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری محمد یونس سینئر نائب صدر رانا عبدالشکور چیئرمین مظفر متین و دیگر نمائندگان یونین نے خطاب کیا۔