تحریک لبیک پاکستان کا ختم نبوت مارچ آج راولپنڈی پہنچے گا‘ انتظا مات مکمل

07 نومبر 2017

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک لبیک پاکستان کے قائدین علامہ حافظ خادم حسین رضوی اور محمد افضل قادری کی قیادت میں لاہور تا اسلام آباد پرامن ختم نبوت لانگ مارچ کے شرکاء اپنے مطالبات منوانے کے لئے آج راولپنڈی پہنچیں گے۔ اسلام آباد کے کارکن 11 بجے ٹی چوک روات اور راولپنڈی اور نواحی اضلاع کے کارکن ایک بجے جی ٹی روڈ پر شفاء آئی ہسپتال کے سامنے قائدین کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ مری روڈ پر فیض آباد تک شاندار استقبال کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جہاں علامہ خادم حسین رضوی اسلام آباد میں داخلے کے روٹ اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں اہم اعلان کریں گے۔ تحریک لبیک پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے امیر سید عنایت الحق شاہ کا کہنا تھا کہ امیر تحریک علامہ حافظ خادم حسین رضوی اسلام آباد میں داخلے بارے اسلام آباد کی انتظامیہ کے خط کا جواب فیض آباد میں خطاب کے دوران دیں گے۔ ہم نے انتظامیہ کے خط بارے مرکزی قیادت کو آگاہ کر دیا ہے۔ راولپنڈی کی انتظامیہ تحریک لبیک کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتی ہے۔ لیکن ایسے حربے کامیاب نہیں ہوں گے۔ راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع اور تحصیلوں سے علماء کارکن اور عوام جلوسوں اور قافلوں کی صورت میں راولپنڈی پہنچیں گے اور وہ کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ مری روڈ پر استقبالیہ کیمپوں میں لانگ مارچ کے شرکاء کی تواضع پانی کی بوتلوں‘ خشک میوہ جات اور نمکو کے پیکٹوں سے کی جائے گی۔ سید عنایت اﷲ شاہ نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے‘ ختم نبوت بارے تحریک کے انتہائی جائز اور مذہبی مطالبات فوری طور پر تسلیم کرنے کا واضح اعلان کرے۔