نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 70 ارب روپے کے فنڈز جاری

07 نومبر 2017

اسلام آباد (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر اب تک 69 ارب 90 کروڑ96 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، حکومت نے این ایچ اے کے ترقیاتی کاموں کے لئے روان مالی سال میں 3 کھرب 25 ارب72کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے برہان۔حویلیاں ایکسپریس وے کے لئے 15 کروڑ، چین پاکستانی اقتصادی راہدری کے تحت ہکلا۔یارک ڈی آئی خان موٹر وے کی تعمیر کے لئے 7 ارب 50 کروڑ، نیو انٹرنیشنل اسلام آباد ایئرپورٹ کو ملانے والی لنک روڈ کی تعمیر کے لئے ایک ارب 50 کروڑ، سیالکوٹ۔لاہور موٹر وے کی تعمیر کے لئے 14ارب 25 کروڑ، یارک۔مغلکوٹ۔ژوب سیکشن کی تعمیر کے لئے 80کروڑ، چین پاکستان اقتصادی راہدری کے تحت جگلوٹ۔سکردو روڈ کی تعمیر کے لئے 86کروڑ، لاہور ایسٹرن بائی پاس کے لئے 2ارب 50 کروڑ، لاہور۔عبدالحکیم سیکشن کے لئے 10ارب ، لواری ٹنل کو ملانے والی سڑکوں کی تعمیر کے لئے ایک ارب، ٹھوکر نیاز بیگ میں ترقیاتی کاموں کے لئے 4 ارب روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔