جعلی تختیاں لگا دینے سے میئر ملتان بڑا بننے کی کوشش نہ کریں : رانا محمود الحسن

07 نومبر 2017

ملتان (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی رانا محمود الحسن نے کہا ہے کہ جعلی تختیاں لگا دینے سے میئر ملتان بڑا بننے کی کوشش نہ کریں اہلیان ملتان جانتے ہیں کہ ان میں کتنی اہلیت ہے کیونکہ ہمارے ہی ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگا کر افتتاح کر رہے ہیں‘ ان کا اپنا کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں ہمیشہ ہم نے عوام کے مسائل کے حل کیلئے عملی طورپر اقدامات کئے اور آج بھی علاقہ کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل 17 عثمان پورہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول جامع العلوم میں واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ دریں اثناء رانا محمود الحسن نے یو سی 17 کے وارڈ نمبر 4 میں ٹف ٹائل کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر دیگر پارٹی رہنما عامر سعید انصاری‘ آصف انصاری‘ وائس چیئرمین حاجی نذیر‘ امین انصاری‘ عامر لیبر کونسلر‘ نوید وجڑ‘ حاجی پاک علی‘ مقبول انصاری چودھری شبیر بھی موجود تھے۔