محکمہ صحت کیطرف سے ملتان ایئر پورٹ پر ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے سرویلنس

07 نومبر 2017

ملتان( نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چھٹہ کی ہدایت پر شہر بھر میں انسداد ڈینگی مہم جاری ہے ضلعی انتظامیہ نے بھر پور آگاہی مہم بھی شروع کردی ہے۔ جس کے تحت تمام سرکاری ونجی اداروں اورگھروں میں عوام اوردیگر مکاتب فکر کے نمائندوں کو ڈینگی مچھر سے بچائو اوراحتیاطی تدابیر سے آگاہ کیاجارہاہے۔ اس سلسلے میں فوکل پرسن ڈاکٹر عطاء الرحمن کی قیادت میں محکمہ صحت نے ملتان ایئر پورٹ پر ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے سرویلنس کی اور لاروے کی نشاندہی کرکے سپرے بھی کرایا۔ بعد ازاں ایئر پورٹ کے افسران اور ڈاکٹرز کے تربیتی وآگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ ڈینگی مچھر سے گھبرانے کے بجائے احتیاط کی ضرورت ہے۔ بعدازاں محکمہ صحت کی ٹیموں نے ایئر پورٹ کے مختلف حصوں کو ڈینگی سے پاک رکھنے کیلئے خصوصی کیمیکل ملا سپرے بھی چھڑکائو کیا۔