نجم سیٹھی نے اسلام آباد ریجنل کے شکیل شیخ کو اپنا مشیر مقرر کر دیا
لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی نے اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر، پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق رکن، کرکٹ کمیٹی اور ڈومیسٹک افئیرز کمیٹی کے سابق سربراہ شکیل شیخ کو اپنا مشیر مقرر کر دیا ہے۔ شکیل شیخ کرکٹ ایڈمنسٹریٹریشن کا وسیع تجربہ اور گذشتہ چند برسوں میں کرکٹ بورڈ کی اہم کمیٹیوں کی سربراہی کا تجربہ رکھتے ہیں۔ شکیل شیخ ڈومیسٹک و انٹرنیشنل کرکٹ اور ملکی سطح کی کرکٹ کے تمام معاملات میں نجم سیٹھی کی معاونت کریں گے۔ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شکیل شیخ کا کہنا تھا کہ میری تمام تر توانائیاں، صلاحیتیں اور تجربہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے وقف ہے۔ مجھے نئی ذمہ داری ملی ہے توقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔میں نجم سیٹھی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے ملک کے مقبول ترین کھیل کی خدمت اور بہتری کے لیے کام کرنیکا موقع ملا ہے۔اس بنئی ذمہ داری میں بھی کرکٹ سے وابستہ افراد کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا۔ میری اوکین ترجیح ملک کے طول و عرض میں پھیلے ٹیلنٹ کو کھیل کے یکساں اور بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میرا شوق نہیں جنون ہے اس سطح کی کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پلئیرز اور آفیشلز کے معاوضوں میں تاریخی اضافہ کیا گیا ہے۔ سٹیدیمز کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا گیا ہے۔ جدید طریقوں اور دستیاب وسائل سے بہتر انداز مین استفادہ کیا جائیگا۔ لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق سربراہ خواجہ ندیم احمد نے شکیل شیخ کو چئیرمین پی سی بی کا ایڈوائزر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شکیل شیخ کی ملکی کرکٹ کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ایک بہترین کرکٹ ایڈمنسٹریٹر ہیں اور کھیل کی باریکیوں کو سمجھتے ہیں۔وہ بہتر انداز میں ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کر سکتے ہیں موجودہ فارمیٹ بنانے اور مستقل مزاجی سے قائم رہنے کا کریڈٹ بھی شکیل شیخ کو جاتا ہے۔