ٹی 10 لیگ کا اولین ایڈیشن 21 سے 24 دسمبر تک کھیلا جائے گا

07 نومبر 2017

لاہور( اسپورٹس رپورٹر)متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میںمختصر ترین فارمیٹ ٹی 10 لیگ کا اولین ایڈیشن 21 سے 24 دسمبر تک کھیلا جائے گا، ایونٹ میں 5 فرنچائز شریک ہوں گی،ٹی 10لیگ میں ریٹائرڈ کرکٹرز کے ساتھ پاکستان کے سٹار کھلاری بھی حصہ لیں گے۔ سکواڈز میں کئی غیرمعروف کھلاڑی بھی شامل ہیں لیکن پی سی بی کی اجازت سے قومی ٹیموں میں شامل اور سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی ایکشن میں نظر آئے گی۔ لیگ میں مصباح الحق، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، کمار سنگا کارا اور وریندر سہواگ سمیت بیشتر ریٹائرڈ کرکٹرز بھی شرکت کررہے ہیں۔ ایونٹ میں پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، فخر زمان، بابر اعظم، احمد شہزاد، محمد عامر، حسن علی، جنید خان، رومان رئیس، وہاب ریاض، سہیل خان، اسامہ میر، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد نواز اور عمر اکمل شامل ہیں جبکہ پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا مکمل کرنے والے محمد عرفان بھی موجود ہیں۔