ایس سی بی کراچی یونائیٹڈ یوتھ لیگ میں لیاری ککری کو پہلی شکست

07 نومبر 2017

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بنک کے زیر اہتمام کراچی یونائیٹڈ یوتھ لیگ میں انڈر12،انڈر14 اورانڈر16میںمزید 9میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ لیاری ککری اکیڈمی کو پہلی شکست کا سامنا ۔ انڈر16میں شیریں جناح اکیڈمی نے قابو کرلیا۔ بلدیہ اکیڈمی کی اورنگی اکیڈمی پر گولوں کی بارش۔ 10گول داغ دئے۔ اسد اور حمزہ کی ہیٹ ٹرک۔ نذیر احمد نے 2گول اسکور کئے۔ شاہ زیب، شہزاد اور فرقان کے گول فیصلہ کن ثابت ہوئے۔ کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن پر لیاری ککری اکیڈمی اور شیریں جناح اکیڈمی کے مابین انڈر12میں میچ 0-0کی برابر رہا۔انڈر14میں لیاری ککری اکیڈمی کو شیریں جناح اکیڈمی پر 3-1کی برتری حاصل ہوئی۔ فاتح ٹیم کیلئے طارق، رقیب اور سمیر نے ایک ایک بار گیند کو جال میں پھینکا جبکہ عارف نے اپنی ٹیم کے خسارے کو کم کیا۔انڈر16میں لیاری ککری اکیڈمی کو پہلی شکست کا داغ لگا ۔فرقان نے واحد اور فیصلہ کن گول اسکور کیا۔ بلدیہ اکیڈمی اور اورنگی اکیڈمی کے مابین میچوں میں انڈر12میں بلدیہ اکیڈمی نے اورنگی اکیڈمی کو 10-0 سے شکست دی ۔ فاتح ٹیم کے اسد اور حمزہ نے ہیٹ ٹرک سمیت 4,4گول داغے حفیظ اﷲ نے ایک گول بنایا ایک گول اون ہوا۔انڈر14میں نذیر کے 17ویں اور25ویں منٹ میں کئے ہوئے 2گولز نے بلدیہ اکیڈمی کو اورنگی اکیڈمی پر 2-0کی سبقت دلائی۔انڈر16میں اوربلدیہ اکیڈمی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اورنگی اکیڈمی کی مزاحمت کے بعد مقابلہ 0-0کی برابری پر ختم ہوا۔ انڈر12میں لیاری جنرل اکیڈمی نے کورنگی اکیڈمی کو 4-1 سے شکست دی ۔ حسنین ، کریم ، فیضان اور عدیل نے فاتح ٹیم کی جانب سے گول کئے۔ نادر نے ناکام سائیڈ کیلئے واحد گول بنایا۔انڈر14میں کورنگی اکیڈمی لیاری جنرل اکیڈمی کو1-0سے شکست دینے میں کامیاب رہی شاہ زیب نے 10ویں منٹ گول بنایا۔انڈر16لیاری جنرل اکیڈمی نے کورنگی اکیڈمی کو 1-0سے مات دی ۔ شہزاد کا کیا ہوا گول کامیابی کا باعث بنا۔