مردم شماری میں دھاندلی کیخلاف اپنا مقدمہ جیت کر دم لیں گے: فاروق ستار

07 نومبر 2017

کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور اراکین رابطہ کمیٹی نے مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف لیاقت آباد 10 نمبر فلائی اوور پر ہونے والے احتجاجی جلسے میں شرکت کرنے والے نوجوانوں‘ بزرگوں‘ خواتین اور کارکنان سے دلی تشکر کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ احتجاجی جلسے میں عوام نے بھر پور تعداد میں شرکت کر کے مردم شماری کے نتائج کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاکہ سندھ میں مردم شماری کا عمل شفاف نہیں ہوا اور باالخصوص سندھ کے شہری علاقوں سمیت کراچی کی لاکھوں آبادی کو مردم شماری سے حذ ف کر دیا گیا‘ مردم شماری ایک ایسا ریاستی عمل ہے جس میں دھاندلی کر کے ایک ایسا جرم اور گناہ کیا گیا ہے جس کی تلافی کسی طور بھی ممکن نہیں ہو سکتی۔ حکام کو چاہئے کہ وہ عوام کی آواز کو سنیں اور صحیح مردم شماری کروانے کیلئے حتمی اقدامات فی الفور اٹھائیں بصورت دیگر لاکھوں عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے اس گھنائونے عمل کے خلاف ایم کیوایم پاکستان اور عوام ایک ساتھ کھڑے ہیں‘ سندھ اور اس کے شہری علاقوں کے عوام مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف اپنا مقدمہ جیت کر ہی دم لیں گے۔