ٹماٹر کی مہنگے داموں فروخت کا معاملہ سندھ اسمبلی میں زیر بحث رہا

07 نومبر 2017

کراچی(صباح نیوز)ٹماٹر کی نایابی اور مہنگے داموں میں فروخت کا معاملہ سندھ اسمبلی پہنچ گیا۔ رکن ایم کیو ایم کامران اختر نے کہا ہے کہ اب شوہر اپنی بیویوں کو ٹماٹر بطور تحفہ دینے لگے ہیں۔ ملک بھر میں عوام کی دسترس سے دور ٹماٹر نے پارلیمنٹرینز کو بھی پریشان کردیا ہے۔پیر کو سندھ اسمبلی اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ کے کامران اختر نے ٹماٹر کی مہنگی داموں فروخت پر توجہ دلائو نوٹس پیش کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹماٹر عوام کی پہنچ سے دورہوگیاہے۔وزیرزراعت سندھ اور پرائس کنٹرول سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ حکومت بیرون ملک سے ٹماٹر درآمد کرے گی ،کوشش ہے بہت جلد ٹماٹر کی قیمتیں کنٹرول ہوجائے۔مارکیٹ ریٹ کے مطابق اب بھی ٹماٹر کی فی کلو قیمت 160سے180روپے تک ہے۔عوامی ٹماٹر کو حسرت بھری نگاہ سے دیکھ تو سکتے ہیں لیکن اسے خریدنے کے متحمل نہیں۔