ہمیں نفرتوں کے الائو بجھا کر محبتوں کے چراغ روشن کرنا ہیں: رفیق رجوانہ

07 نومبر 2017
ہمیں نفرتوں کے الائو بجھا کر محبتوں کے چراغ روشن کرنا ہیں: رفیق رجوانہ

لاہور (پ ر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ داتا گنج بخش ؒ اور دیگر اولیاء اللہ کے مزارات پر حاضری دینا نہ صرف بڑی سعادت ہے بلکہ اعلیٰ ترین خوش نصیبی بھی ہے ۔ یہ وہ اللہ تعالیٰ کی برگذیدہ ہستیاں ہیں جنہوں نے اسلام کے بنیادی پیغام اَمن، سلامتی اور بھائی چارے کا دَرس دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں مذہبی امور و اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام الشیخ علی بن عثمان المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے 974ویں سالانہ عُرس مبارک کے موقع پردو روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میںزعیم قادری وزیر مذہبی امور و اوقاف پنجاب، عبدالجبار شاہین سیکرٹری اوقات، طاہر رضا بخاری ڈایریکٹر جنرل اوقاف ، مفتی محمد رمضان سیالوی خطیب مسجد داتا گنج بخشؒ ، پیر ناظم حسین شاہ، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور بین الاقوامی مذہبی سکالرز نے بھی شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری تمام تکالیف، مشکلات، دکھ اور درد کا مداوا اللہ اور اس کے رسولؐ کے نام، قرآن مجید کے کلام اور اولیائے اکرام کے پیغام میںپنہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ نے دین اسلام کی جو خدمت کی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اسلام اور انسانیت کی بہتر طریقے سے خدمت کی جاسکتی ہے۔گورنرنے کہا کہ دُنیا میں( اَمن) باہمی محبت، تحمل اور برداشت کے جذبے کے ساتھ ہی قائم ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرتوں کے الائو کو بجھا کر محبتوں کے چراغ روشن کرنا ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اور عقائد کے ماننے والے اپنے ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے ایک نقطے پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہمیں نہ صرف عوام بلکہ اللہ کے حضور بھی جوا ب دہ ہیں۔اس سے پہلے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے عظیم صوفی بزرگ حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی ۔ اس موقع پرگورنر پنجاب نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دُعا مانگی۔