پی پی ایل اے کی اپیل پر کالج اساتذہ محکمہ تعلیم پنجاب کے حالیہ فیصلوں کیخلاف آج احتجاج کرینگے

07 نومبر 2017

ملتان(نمائندہ نوائے وقت) پی پی ایل اے کی اپیل پر صوبے بھر کے کالج اساتذہ آج سے احتجاج کریں گے تفصیل کے مطابق پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی جنرل سیکرٹری پروفیسر شیخ محمد یوسف نے کالج اساتذہ کی رخصت اتفاقیہ کی منظوری کو قریبی کی موت سے مشروط کرنے کے فیصلے کو مضحکہ خیز ، ساتھ ساتھ اسے غیر انسانی اور ظالمانہ فعل کے ساتھ ساتھ سروس رولز کی بھی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کے انسپکشن کے نام پر اساتذہ اور پرنسپلز کی چیکنگ غیر متعلقہ افراد سے کروانا نا قابل برداشت ہے۔ان اقدامات کے خلاف مرکزی عہدیداران کے اجلاس میں اس توہین آمیز مراسلے کے خلاف پنجاب بھر کے اساتذہ آج 7 نومبر 2017 سے 12 نومبر تک اساتذہ بازوئوں پر سیاہ پٹیا ں باندھ کر تدریسی فرائض انجام دیں گے۔ 13نومبر بروز بدھ سے روزانہ 11 بجے دن سے 12 بجے تک ایک گھنٹہ تدریسی عمل کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔تمام ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔اس دوران تمام کالجز کے لوکل یونٹس اجلاس منعقد کر کے مذکورہ توہین آمیز مراسلہ اور رویے کے خلاف قراداد مذمت پاس کریں گے۔ نیز اپنے اصل مطالبات ون سٹیپ اپ گریڈیشن ، پے پروٹیکشن ، ٹائم سکیل اور دیگر مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے قرادادیں پاس کی جائیں گی۔ کالجز میں احتجاجی بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے۔