حلقہ بندیوں کا بل منظور ہوئے بغیر قومی اسمبلی اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی

07 نومبر 2017

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حلقہ بندیوں کے لئے آئینی ترمیم پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ عرصے کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کرنے کے بارے میں آئینی ترمیم کے بل کے حوالے سے ایوان میں ریمارکس دیئے کہ اگر ارکان نے ترمیمی بل جلد منظور نہ کیا تو الیکشن کمشن کو سپریم کورٹ سے اعانت مانگنا پڑ سکتی ہے۔ اس پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن کمشن کو حق حاصل ہے کہ وہ معاملہ کو سپریم کورٹ میں لے جائے تاہم 2018 ءکے انتخابات شیڈول کے مطابق ہونے چاہئے۔ ایوان میں ارکان کی کم تعداد بھی سپیکر کی ناخوشگوار کیفیت کا باعث بنی۔ انہوں نے کہا کہ آیا وہ قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ عرصہ کے لئے ملتوی کر دیں۔ لگتا ہے کہ ترمیم پر جان کر تاخیر کی جا رہی ہے۔