زرداری عمران ووٹ کی بجائے سازش سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں‘ سعد رفیق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگلے انتخابات پرانی مردم شماری کی بنیاد پر کروانا آئین اور قانون سے متصادم ہو گاہ زرداری اور عمران ڈرامے بازی اور بہانے بازی بند کریں، نئی حلقہ بندیوں کیلئے آئینی ترمیم نہ کی گئیں تو نئے انتخابات کابروقت انعقاد دورہو جائیگا حلقہ بندیوں کے لئے آئینی ترمیم سے گریزاں جماعتیں عام انتخابات سے خوفزدہ ہیں ،آصف زرداری اور عمران خان ووٹ کی بجائے سازش سے اقتدارمیں آنا چاہتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی بنیاد پر قومی ڈیٹا بیس اپ ڈیٹ کئے بغیرمستقبل کی منصوبہ بندی ممکن نہیں، ہر دس برس بعد مردم شماری آئینی ذمہ داری ہے۔ آخری مردم شماری 1998ءمیں مسلم لیگ (ن) ہی کے دور میں کروائی گئی ،پیپلز پارٹی نے اپنے دوراقتدارمیں نئی مردم شماری کی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءمیں سپریم کورٹ نے جلد از جلد نئی مردم شماری کروانے کا آینی حکم کیا ،رکاوٹوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) حکومت نے مردم شماری کا فریضہ ادا کیا،نئی مردم شماری کے ابتدائی نتائج کا اعلان ہو چکا ہے۔ عوام کو حق ِ رائے دہی سے محروم رکھنے کے خواہشمند انتخابات کا التوءچاہتے ہیں ،پنجاب کی سیٹیں کم ہوئیں ، ہم نے گِلہ نہیں کیا،ہر قومی معاملہ پر ذاتی یا گروہی مفاد مقدم رکھنا تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا ٹریڈ مارک ہے۔