بہتر کام کرنے کیلئے ہمیشہ اپنی ذات سے مقابلے بازی کرتا ہوں‘ نعمان اعجاز

07 نومبر 2017

لاہور (ا ین این آئی) سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ میں نے فلم اور ٹی وی کے ساتھ اسٹیج ڈراموں میں بھی اداکاری کی ہے اور تینوں میڈیم پر بے شمار کامیابیاں سمیٹیں مگر آج بھی جب کوئی نئی ڈرامہ سیریل سائن کرتا ہوں تو اس کی ریکارڈنگ کے دوران ہمیشہ یہ تصور کرتا ہوں کہ آج میرے کیریئر کا پہلا دن ہے ، اس کی بنیادی وجہ صرف یہ ہے کہ جب کوئی اداکار سین عکسبند کراتے ہوئے یہ بات ذہن نشین کر لے کہ یہ میرے کیریئر کا پہلا دن ہے تو وہ اس پر حد سے زیادہ توجہ دے گا اور اپنے سین کو بہتر طریقے سے عکسبند کروا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مقابلے بازی کے رحجان پر یقین نہیں رکھتا اور میں نے جب بھی مقابلے بازی کی ہے تو وہ اپنی ذات سے کی ہے ، اپنی ڈرامہ سیریل دیکھ کر کوشش کرتا ہوں کہ مستقبل میں اس سے زیادہ اچھا کام کر سکوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری اس وقت اپنے عروج پر ہے ، دعا ہے کہ فلم انڈسٹری بھی اسی طرح کا عروج حاصل کرے ۔