الحمراء آرٹ کونسل میں مبینہ طور پر اسٹیج ڈراموں کی تاریخوں کی خرید و فروخت ،دیگر بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا فیصلہ

07 نومبر 2017

لاہور ( این این آئی) الحمراء آرٹ کونسل میں ہونے والی مبینہ طور پر اسٹیج ڈراموں کی تاریخوں کی خرید و فروخت اور دیگر بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے الحمراء آرٹ کونسل میں اسٹیج ڈراموں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے ۔جو الحمراء میں مبینہ طور پر تاریخوں کے حوالے سے خریدو فروخت اور دیگر بے ضابطگیوں کے حوالے سے تحقیقات کریگی اور اپنی رپورٹ مکمل کرنے کے بعد اعلیٰ حکام کو پیش کرے گی ۔ یاد رہے کہ چند روز قبل اسٹیج ڈرامہ پروڈیوسروں سخی سرور اور قیصر ثناء اللہ نے الحمراء کی انتظامیہ پر غیر قانونی طور پر اسٹیج ڈراموں کی تاریخوں کی فروخت کا الزام عائد کیا تھا۔