سٹاک مارکیٹ: کاروباری ہفتے کا مندے سے آغاز معمول بن گیا‘ 33 پوائنٹس کی کمی‘ متعدد شیئرز کے نرخ گر گئے
کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان رہا، 100 انڈیکس33.23پوائنٹس کی کمی سے 41030.77پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں43ارب60 کروڑ88 لاکھ56 ہزار224روپے کی کمی رونماء ہوئی جبکہ تجارتی حجم میں2ارب 26کروڑ47 لاکھ25 ہزار496 روپے کا مندی ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح خرید و فروخت میں 4 کروڑ 61ہزار300 حصص کی کمی ہوئی۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر343 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے95 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 233 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندا اور15 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر7کروڑ54 لاکھ 30 ہزار880 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم4 ارب53 کروڑ82 لاکھ43 ہزار43 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل84 کھرب 76 ارب23 کروڑ72 لاکھ 34 ہزار768 روپے سے کم ہو کر 84 کھرب 32 ارب62 کروڑ83 لاکھ 78 ہزار544 روپے ہو گیا۔