موسمیاتی تبدیلی سے پیدا شدہ خطرات سے نمٹنے کیلئے میڈیا کا کردار کلیدی ہے: مشاہد اﷲ
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کیلئے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈیو پروگرام ”رابطہ“ کے پروڈیوسر انعام سومرو سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد اﷲ خان نے انعام سومرو کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلی پر ریڈیو پروگرام کرنے پر شیلڈ سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون تصور کیا جاتا ہے اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کیلئے اس کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نچلی سطح تک عوام میں آگاہی پیدا کر سکتا ہے۔ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں زیادہ تر آبادی کی میڈیا تک رسائی ہے اور دور دراز کے علاقوں میں ریڈیو کے سننے والے موجود ہیں۔ میڈیا موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ مقامی آبادیوں کو شامل کرنے کا اہم ذریعہ ہے اور مختلف مسائل کو حکومت کے علم میں لاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا لوگوں میں انفرادی ذمہ داریوں کو اجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ریڈیو پر مسلسل موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر پروگرام کے انعقاد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ ایک بہترین آئیڈیا ہے اور مستقبل میں بھی اس طرز کے مزید پروگرام شروع کئے جانے چاہئیں۔ اس پروگرام کی مدد سے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل پر بات چیت کی گئی۔ واضح رہے کہ مجموعی پر 28 پروگرام منعقد کئے گئے جن میں وزیراعظم کا گرین پاکستان پروگرام، پلاسٹک بیگ کے نقصانات، کلائیمیٹ چینج ایکٹ، میڈیا اور عوامی آگاہی جیسے موضوعات زیر بحث لائے گئے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی سیّد ابو احمد عاکف بھی موجود تھے۔