زرعی ترقیاتی بنک ایمپلائز یونین کا صدر بنک کی مبینہ کرپشن کیخلاف مظاہرہ
اسلام آباد ( وقائع نگارخصوصی)آل پاکستان زرعی ترقیاتی بینک ایمپلائیز یونین(سی بی اے) نے بینک کے صدر طلعت محمود کی مبینہ کرپشن کیخلاف مظاہرہ کیا‘ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور کرپشن و اقربا پروری کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے‘ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں اور کرپشن کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔ پیر کو آل پاکستان زرعی ترقیاتی بینک ایمپلائیز یونین نے بینک کے صدر طلعت محمود کی مبینہ کرپشن کیخلاف بنک کے باہر مظاہرہ کیا‘ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے‘ اس موقع پر مظاہرین نے کرپشن اور اقربا پروری کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بینک انتظامیہ نے بینک بلڈنگ کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین کروڑ پچاس لاکھ روپے کی غیر قانونی سیڑھیاں بنائیں، جبکہ 7 لاکھ روپے فی برانچ غیر معیاری فرنیچر ، آٹھ لاکھ روپے فی جنریٹرز دیا گیا ہے ،دس کروڑ روپے کی کیش سارٹنگ میشن خریدیں جو خراب ہیں، پانچ کروڑ روپے کی پینا فلیکس بنائے گئے ، گاڑیوں اور کمپیوٹر کے خریداری پر اربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔ مظاہرین مطالبہ کررہے تھے کہ کرپشن کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے اور دوسرے ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائی بند کی جائے۔