اسلام آباد اور کراچی کے درمیان چلنے والی گرین لائن میں کوٹہ سسٹم ختم

07 نومبر 2017

اسلام آباد (خبر نگار)وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر اسلام آباد اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرین گرین لائن میں کوٹہ سسٹم ختم کر دیا گیا ہے۔ اے جی ایم ٹریفک عبدالحمید رازی کے مطابق گرین لائن میں 24 گھنٹے پہلے تمام شہروں کے کوٹے ختم کر دیئے جائیں گے، مسافروں کو صرف مطلوبہ شہر کا کراِیہ ادا کرنا پڑے گا۔ گرین لائن کے نان سٹاپ ٹرین ہونے کی وجہ سے مسافروں سے کسی بھی شہر کا ریزرو کوٹہ ختم ہونے پر مکمل روٹ کا کرایہ چارج کیا جاتا تھا۔ ٹرین روانگی سے 24 گھنٹے پہلے کوٹہ ریلیکس ہونے سے مسافروں کو کرایوں میں بڑی بچت ہو گی اور انہیں مکمل روٹ کا کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ کوٹہ ریلیکس کرتے ہوئے مکمل کرایہ ادا نہ کرنے کی سہولت کراچی سے اسلام آباد کے درمیان دس نومبر سے دستیاب ہو گی۔ کوٹہ سسٹم کی وجہ سے روہڑی اور حیدر آباد کے مسافروں کو بھی کراچی کا کرایہ ادا کرنا پڑتا تھا۔