بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے اضافی بجٹ دینے کا فیصلہ

07 نومبر 2017

اسلام آباد (خبرنگا ر ) جمیعت علماءاسلام (ف) بلوچستان کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز نے کہا ہے کہ جمیعت علماءاسلام (ف) صوبہ بلوچستان کو ایک ترقی یافتہ صوبہ بنانا چاہتی ہے اور وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے مجھے ذاتی طور پر بلوچستان میں تعلیم ، صحت، سولر انرجی،روڈوں کی تعمیر، ایل پی جی پلانٹ کی فراہمی کے علاوہ دیگر ترقیاتی اور غیر ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے
کے علاوہ اضافی بجٹ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔مولانا امیر زمان وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جنرل منیجر محمود الحسن مندوخیل کے ساتھ ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے صوبہ بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے اضافی بجٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جمیعت علماءاسلام (ف) بلوچستان صوبہ بلوچستان میں امن چاہتی ہے اور لوگوں کو خوشحال دیکھنا چاہتی ہے۔