پرویز خٹک سب سے بڑا چورہے : عائشہ گلا لئی ، نور زمان قتل کیس میں شواہد پیش کرنے کیلئے مقامی وکیل کی متفرق درخواست

07 نومبر 2017

اسلام آباد (آئی این پی+ نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کی منحرف رہنما اور رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہاہے کہ پرویز خٹک سب سے بڑا چور ہے، جو آزاد پھر رہا ہے، سب کا ایک جیسا احتساب ہونا چاہیے، سمگلر ملک میں آزاد پھر رہے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ جو بھی کرپشن کرتا ہے ان کا احتساب ہونا چاہیے۔ صرف سیاستدانوں کو ٹارگٹ نہیں کرنا چاہیے، انھوں نے کہا کہ جو کرپشن کے خلاف جلسے کررہا ہے، اس کے صوبے کا وزیراعلیٰ پرویز خٹک سب سے بڑا چور ہے، جوآزاد پھر رہا ہے۔ دوسری طرف سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی نااہلی سے متعلق کیس کی درخواست گزار خاتون وکیل کلثوم خالق نے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عائشہ گلالئی کے خلاف نیب میں درخواست دائر کرنے والے ٹھیکیدار نور زمان کے قتل سے متعلق شواہد پیش کرنے کی اجازت دی جائے ،پیر کو دائر کردہ درخواست میں خاتون وکیل نے مﺅقف اختیا رکیا ہے کہ نور زمان کے قتل کے تانے بانے عائشہ گلالئی سے ملتے ہیں کیونکہ نور زمان نے عائشہ گلالئی کے خلاف زبان کھولی تھی اور اس کی کرپشن کے ثبوت نیب کو دیئے تھے جس کی پاداش میں اسے قتل کردیا گیا، عدالت درخواست گزار کو نورزمان کے قتل کے اسباب اور شواہد پیش کرنے کاموقع فراہم کرے۔
عائشہ گلالئی