قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کرنیوالے کل آئین توڑنے کا کہیں گے : فضل الرحمن

07 نومبر 2017

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی کی طرف سے اتفاق رائے سے اسمبلیوں کی تحلیل اور قبل از وقت الیکشن کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس طرح کے لوگ پاکستان کی جمہوریت کی حفاظت کریں گے ہم معاملات کو کبھی متنازعہ نہیں بنانا چاہتے۔ اس طرح تو پھر یہ کہیں گے کہ اتفاق رائے سے جمہوریت لپیٹ دینی چاہئے، اتفاق رائے سے آئین ختم کر دینا چاہئے۔ جرگے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے پورے ملک کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ اختلاف رائے کو اگر مثبت ماحول میں رکھا جاتا ہے تو حل ہو جاتے ہیں۔ فاٹا کے معاملے کو ملکی مفاد میں حل کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت بھی فاٹا کے معاملے پر فراخدلی کا مظاہرہ کرے۔ مسئلے کو مل بیٹھ کر حل کرنا چاہتے ہیں۔ فاٹا معاملے پر کئے گئے اقدامات مسترد کرتے ہیں۔ فاٹا کے مسئلے کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔
فضل الرحمن