بحریہ ٹائون نے مزار قائد کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کی

07 نومبر 2017

کراچی (پ ر) بحریہ ٹائون کراچی نے ہنگامی طور پر ملک ریاض حسین کی ہدایت پر عمل درامد کرتے ہوئے مزارِ قائد سے متصل جناح گرائونڈ میں موجود کچرے کے ڈھیر کو ہنگامی بنیادوں پر صاف کر دیا۔ صرف دو گھنٹے کے قلیل وقت میں بحریہ ٹائون کراچی کی صفائی مہم کی ٹیم نے تین سو ٹن سے زائد کچرا اٹھا یا۔ ملک ریاض حسین کا کہنا تھا کہ "یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ عین مزارِ قائد سے ملحق جناح گرائونڈ اتنے عرصے سے کچرا گاہ بنا ہوا تھا اور اس طرف کسی کی توجہ نہیں گئی۔ اس صورتحال کا علم ہوتے ہی کسی قسم کی تاخیرکی گنجائش باقی نہیں رہتی اور اسی لئے ٹیم بحریہ ٹائون کراچی فوری حرکت میں آ گئی اور صفائی کا کام شروع کروا دیا گیا"۔ انھوں نے مزید کہا کہ ـ"بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کی آرام گاہ کی حیثیت سے مزارِ قائد پاکستان بھر کیلئے اہمیت کا حامل ہے اور عین اس کے عقب میں کچرے کے ڈھیر ہونا کسی صورت ہماری قوم کو زیب نہیں دیتا"۔