نواز شریف کا نام پانامہ لیکس میں نہیں تھا‘ انتقام کا نشانہ بنایا گیا‘ مشاہد اﷲ

07 نومبر 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں نواز شریف کا نام نہیں تھا، انہیں ذاتی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ عمران خان کی بھی کوئی بات سچ ثابت نہیں ہوئی شوکت عزیز نے پرویز مشرف کی چھتری کے نیچے ڈاکے مارے ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر صحافےوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ملک کی بہتری کے لئے کام کرنے والے سے انتقام کیوں لیا جا رہا ہے۔ کرپٹ لوگوں سے انتقام لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے کرپٹ لوگوں کو وزیر بنایا، ان کو کوئی پوچھتا نہیں، نواز شریف کو اقامہ پر سزا دی گئی، انہوں نے فوگ کا تعلق موسمیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں سے نہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں سے ہے۔ سموگ کے اندر سیسہ اور سلفر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کبھی کوئی بات سچ ثابت نہیں ہوئی۔