پنجاب میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ دوبارہ سی این جی پر منتقل کی جائے: پراچہ

07 نومبر 2017

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے سابق مرکزی چئیرمین غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ سنگین شکل اختیار کر گیا ہے جس میں کمی کیلئے پنجاب میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو دوبارہ سی این جی پر منتقل کیا جائے۔ بھارت کے دارلحکومت نئی دہلیسمیت دنیا کے متعدد ممالک کے بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو سی این جی پر چلایا جا رہا ہے اور پاکستان میں بھی یہ تجربہ کیا جا سکتا ہے۔ لاہور میں 2012 سے پہلے سماگ کی صورتحال اتنی تشویشناک نہ تھی مگر سی این جی کی بندش سے پٹرول اور ڈیزل کی کھپت بڑھی جس سے آئل امپورٹ بل اور ماحولیاتی آلودگی میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ غیاث پراچہ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کے فیصلہ اور سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کو سی این جی پر منتقل نہ کیا گیا تو آلودگی مزید بڑھے گی کیونکہ گاڑیوں کی تعداد 12.9 فیصد کے حساب سے بڑھ رہی ہے جس سے پٹرول کی کھپت اور آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور عوام مختلف بیماریوں میں مبتلاءہو رہے ہیں۔