جسٹس شوکت عزیز صدیقی کیخلاف درخواست کی سماعت کیلئے لارجر بنچ کی تشکیل
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں( زیر سماعت مقدمہ کی کارروائی بند کمرہ کی بجائے کھلے عام کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کے لیئے پانچ رکنی لاجر بنچ تشکیل دے دےا ہے جو کیس کی سماعت آج بروز منگل 11:30پر کرے گا۔پانچ رکنی لارجر بنچ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید ، جسٹس دوست محمد خان ، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہے۔واضح رہے 2نومبر کو جسٹس شیخ عظمت اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی جس میں عدالت نے وفاق پاکستان اوراٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے لارجر بنچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیاتھا۔ عدالت نے مذکورہ دائر درخواست کا فیصلہ ہونے تک جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے وکیل مخدوم علی خان کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس کی سماعت روکنے کی استدعا مسترد کردی تھی ۔