سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم حماد صدیقی کے ساتھ ایک خاتون بھی گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر) سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کے مرکزی ملزم حماد صدیقی کی گرفتاری کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں‘ حماد کے ساتھ ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس سے تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق رہنماءحماد صدیقی امارتی اقامے پر دبئی میں رہائش پذیر تھے اس نے مارکیٹنگ منیجر کا ویزہ حاصل کر رکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق حماد صدیقی کے ساتھ ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا گیا ہے‘ جس سے تحقیقات جاری ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق حماد صدیقی کی پاکستان منتقلی کےلئے قانونی کارروائی جاری ہے‘ سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کے مرکزی ملزم کو جلد پاکستان لایا جائے گا تاہم اس حوالے سے حتمی ٹائم فریم دینا مشکل ہے۔ حماد صدیقی سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کے علاوہ دیگر کئی سنگین جرائم میں بھی پولیس کو مطلوب تھا‘ ملزم کے ریڈ وارنٹ بھی جاری کئے جا چکے تھے۔ ستمبر 2012ءمیں بلدیہ ٹاﺅن میں واقع ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعہ میں 250 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔