یمن کی ناکی بندی ، ایران نے میزائل حملہ کرایا : سعودی اتحاد

07 نومبر 2017

ریاض(اے پی پی) سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم عرب فوجی اتحاد نے عارضی طور پر یمن کی بری، بحری اور فضائی حدود بند کر دیں۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق عرب اتحاد کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کی زمینی، فضائی اور بحری حدود کی بندش کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب باغیوں نے دو روز قبل سعودی عرب پرایک میزائل سے حملہ کیا تھا مگر اس کے بعد عرب اتحاد نے یمن کے باغیوں کی طرف سے مزید حملوں سے بچنے کے لیے سرحد سیل کردی ہے۔بیان میں حوثیوں کے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے کو ایران کی طرف سے مملکت پر براہ راست حملہ اور جنگ قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کو اپنے دفاع کا بھرپور حق حاصل ہے۔کسی ملک کو سعودی عرب کی سرزمین اور قوم کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عرب اتحاد نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ یمن سے متعلق قرارداد 2216 پر عمل درآمد کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔دوسری طرف سعودی عرب نے حوثی باغیوں اور مسلح ایرانی ملیشیاؤں سے وابستہ 40 افراد کی فہرست جاری کردی ۔سعودی اخبار کے مطابق مطلوب افراد کی گرفتاری میں مدد کرنے والوں کو 5 ملین ڈالر سے 30 ملین ڈالر تک انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ جاری فہرست میں مطلوب افراد کی تصاویر اور نام کے علاوہ ان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے لئے انعامی رقم درج ہے۔ بڑی رقم 30 ملین ڈالر حوثی باغیوں کے سربراہ عبدالمالک حوثی پر رکھی گئی ہے۔10مطلوب افراد کی گرفتاری پر 20ملین ڈالر،ایک مطلوب پر15ملین ڈالر، 11مطلوب افراد پر10ملین ڈالر جبکہ فہرست کے باقی مطلوب عناصر پر5 ملین ڈالر انعام رکھا گیا ہے۔
سعودی/اتحاد