لاہور اور خیبر پی کے میں انسداد پولیو مہم شروع، تین روز جاری رہے گی

07 نومبر 2017
لاہور اور خیبر پی کے میں انسداد پولیو مہم شروع، تین روز جاری رہے گی

لاہور ، پشاور (صباح نیوز+ آئی این پی) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ بچے قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور والدین اپنے بچوں کے صحتمند مستقبل کیلئے انہیں پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ان کو ساری عمر کی معذوری سے بچایا جاسکے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ میاں میر ہسپتال لاہور میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ 8 نومبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 17لاکھ 30ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 4ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر بچوں کوویکسین کے قطرے پلائیں گی۔ دریں اثنا خیبرپی کے کے تین اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی جس دوران پانچ سال تک کی عمر کے پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا ﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پیر کو خیبرپی کے کے تین اضلاع میں پولیو کے خاتمے کی مہم آج شروع ہو گئی ہے جو تین روز جاری رہے گی ۔ ان اضلاع میں دیربالا،دیرزیریں اورچترال شامل ہیں۔
انسداد پولیو مہم