اٹلی :ساڑھے بارہ ہزارپاکستانی پناہ حاصل کرنے میں کامیاب

07 نومبر 2017

روم(این این آئی)غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے دفتر شماریات ’یورو سٹیٹ‘ نے بتایاکہ پچھلے پانچ برسوں میں یورپی یونین کے رکن ممالک میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں نے پناہ کی درخواستیں دیں۔ ان میں سے سینتیس ہزار نے اٹلی جب کہ چھتیس ہزار نے جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دیں۔جنوری سن 2012 سے لے کر دسمبر سن 2016 تک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ان پانچ برسوں کے دوران ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد پاکستانی تارکین وطن نے یورپی یونین کے مختلف رکن ممالک میں حکام کو سیاسی پناہ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائیں۔مذکورہ عرصے کے دوران پاکستانی تارکین وطن نے سب سے زیادہ اٹلی ہی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں۔ اٹلی میں ان پانچ برسوں کے دوران مجموعی طور پر 37 ہزار پاکستانی پناہ کی تلاش میں پہنچنے۔ سن 2012 میں اٹلی میں پناہ کے خواہش مند پاکستانیوں کی تعداد محض چھبیس سو تھی جو سن 2015 میں تین گنا سے زائد کے اضافے کے ساتھ دس ہزار تک جا پہنچی تھی جب کہ سن 2016 میں اطالوی حکام کو پناہ کی درخواست دینے والے پاکستانیوں کی تعداد قریب چودہ ہزار ہو گئی تھی۔اٹلی کے بعد پاکستانی تارکین وطن کی پسندیدہ منزل جرمنی رہا جہاں 36 ہزار پاکستانی شہریوں نے سیاسی پناہ کے حصول کے خواہش مند رہے۔ اس ضمن میں جرمنی کے بعد ہنگری، برطانیہ اور یونان بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔ ہالینڈ، سپین، سوئٹزرلینڈ اور ناروے جیسے ممالک میں ان پانچ برسوں میں ایک ہزار سے بھی کم پاکستانی پناہ کی تلاش میں پہنچے۔
اٹلی/پناہ