نیب افسر بن کر شہری سے 44 لاکھ روپے ہتھیانے والے 4 جعلساز گرفتار
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو نے نیب کا جعلی افسر بن کر شہری سے 44لاکھ روپے لوٹنے والے چار جعلسازوں کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ نیب ترجمان کے بیان کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب لاہور نے نیب کا جعلی افسر بن کر نیب کے نام کو بدنام کرنے اور ایک شہری سے 44لاکھ روپے لوٹنے والے چار دھوکہ بازوں /جعلسازوں جن کے نام امجد علی، محمد عثمان، نوید حسین اور نیاز بٹ ہیں، کو اس وقت موقع سے گرفتار کر لیا جب وہ متعلقہ شہری سے مزید رقم وصول کرنے پہنچے تھے، چیئرمین نیب کی ہدایت پر متعلقہ جعلسازوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ تحقیقات میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔ جس کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے چاروں جعلسازوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا تاکہ پولیس دفعہ 419/420، 170ت کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
جعلی نیب افسر