تحریک لبیک پاکستان کا ختم نبوت مارچ آج راولپنڈی پہنچے گا‘ انتظامات مکمل

07 نومبر 2017

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک لبیک پاکستان کے قائدین علامہ حافظ خادم حسین رضوی اور پیر محمد افضل قادری کی قیادت میں لاہور تا اسلام آباد پرامن ختم نبوت لانگ مارچ کے شرکاء اپنے مطالبات منوانے کے لئے آج راولپنڈی پہنچیں گے۔ اسلام آباد کے کارکن 11 بجے ٹی چوک روات اور راولپنڈی اور نواحی اضلاع کے کارکن ایک بجے جی ٹی روڈ پر شفاء آئی ہسپتال کے سامنے قائدین کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ مری روڈ پر فیض آباد تک شاندار استقبال کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جہاں علامہ خادم حسین رضوی اسلام آباد میں داخلے کے روٹ اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں اہم اعلان کریں گے۔ تحریک لبیک پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے امیر پیر سید عنایت الحق شاہ کا کہنا تھا کہ امیر تحریک علامہ حافظ خادم حسین رضوی اسلام آباد میں داخلے بارے اسلام آباد کی انتظامیہ کے خط کا جواب فیض آباد میں خطاب کے دوران دیں گے۔ ہم نے انتظامیہ کے خط بارے مرکزی قیادت کو آگاہ کر دیا ہے۔ راولپنڈی کی انتظامیہ تحریک لبیک کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتی ہے۔ لیکن ایسے حربے کامیاب نہیں ہوں گے۔ راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع اور تحصیلوں سے علماء کارکن اور عوام جلوسوں اور قافلوں کی صورت میں راولپنڈی پہنچیں گے اور وہ کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ مری روڈ پر استقبالیہ کیمپوں میں لانگ مارچ کے شرکاء کی تواضع پانی کی بوتلوں‘ خشک میوہ جات اور نمکو کے پیکٹوں سے کی جائے گی۔ سید عنایت اﷲ شاہ نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے‘ ختم نبوت بارے تحریک کے انتہائی جائز اور مذہبی مطالبات فوری طور پر تسلیم کرنے کا واضح اعلان کرے۔ اگر نہال ہاشمی کی عدلیہ بارے ہرزہ سرائی پر پارٹی اور سینٹ کی رکنیت ختم کی جا سکتی ہے تو ختم نبوت کے حلف نامے کو تبدیل کر کے اقرار نامہ بنانے کی سازش کرنے والوں کو بلاتاخیر شریعت کے مطابق سزا کیوں نہیں دی جا رہی۔ راجہ ظفر الحق کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کو منظر عام پر لا کر ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ آسیہ ملعونہ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور مساجد کے لاؤڈ سپیکرز کی آواز چاروں طرف جانے پر پابندیاں ختم کی جائیں۔
لانگ مارچ

آئین سے زیادتی

چلو ایک دن آئین سے سنگین زیادتی کے ملزم کو بھی چار بار نہیں تو ایک بار سزائے ...