افغانستان میں پاکستانی سفارتی اہکار قتل ناظم امور کی دفتر خارجہ طلبی ، شدید احتجاج

07 نومبر 2017

جلال آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے شہر جلال آباد میں تعینات پاکستان کے سفارتی اہلکار رانا نیئراقبال کو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ افغانستان میں موجود سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارت کار رانا نیئراقبال کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ مغرب کی نماز کے بعد اپنی رہائش گاہ کی جانب آرہے تھے کہ موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے 9 فائر کیے، تاہم نیئراقبال کو 6 گولیاں لگیں اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مقتول کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے جلال آباد کے ہسپتال منتقل کردی گئی۔ پاکستانی سفارت کار کے قتل کے واقعے سے افغان حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رانا نیئر اقبال کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے تھا اور ان کے پانچ بیٹے ہیں اور حال ہی میں انھیں جلال آباد میں قائم پاکستانی قونصل خانے میں تعینات کیا گیا تھا۔ افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات میں گزشتہ ایک سال کے دوران تیزی آئی ہے اور رواں سال جون میں دارالحکومت کابل میں سفارتی زون میں ٹرک بم دھماکے کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ طالبان کی جانب سے افغان فورسز کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور گزشتہ کچھ عرصے میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سفارتی اہلکار قتل