مردان : نامعلوم کار سواروں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید
مردان(اے این این+صباح نیوز) شیر گڑھ کے علاقے میں پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مردان میں شیر گڑھ کے علاقے شگو ناکہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر کار سوار ملزمان نے فائرنگ کردی۔ملزمان کے حملے میں ایک اہلکار موقع پر ہی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا جس کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔صباح نیوز کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں حوالدار مزھا اور سپاہی نواز شامل ہیں۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد ڈی پی او مردان سمیت پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
پولیس فائرنگ